بلغراد: سربیا میں دو روز قبل اسکول میں فائرنگ سے 8 طلبا کی ہلاکت کے بعد آج فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 8 راہگیر ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔پولیس ترجمان کاکہناہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی دہشت گردی ہے اس میں غیرملکی سازش کے شواہد نہیں ملے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سربیا میں فائرنگ کے مسلسل دوسرے واقعے میں کارسوار مسلح ملزم نے جدید اور خود کار اسلحے سے راہگیروں کے ایک ٹولے پر گولیاں برسادیں۔
مسلح ملزم فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگیا جس کی تلاش کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی نہ ہی مقتولین اور قاتل کے درمیان تعلق کا پتہ چل سکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں 8 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی دہشت گردی ہے اس میں غیرملکی سازش کے شواہد نہیں ملے۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز ساتویں جماعت کے ایک طالب علم نے اپنے والد کے پستول سے اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ اور 8 طلبا کو قتل کردیا تھا۔