اسلام آباد:حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔ جبکہ جج کیلئے زمینی راستے سے 25 ہزار افراد مکہ پہنچے ہیں۔سیکرٹری سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے 11 لاکھ سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری محمد البیجاوی کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک سے اب تک11 لاکھ سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ ’بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ بری راستے کے ذریعے ہفتے تک 25 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
محمد البیجاوی کے مطابق مختلف ممالک سے براہ راست مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآنے والے عازمین کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ دونوں مقدس شہروں میں سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔