کراچی:پاکستانی فلم اسٹار مہوش حیات نے تاحال شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آج تک ان کی پسند کا مرد نہیں ملا۔
سوشل میڈیا پر مہوش حیات کے انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں اداکارہ نے اپنی شادی اور اپنے ہونے والے شوہر سے متعلق گفتگو کی۔
مہوش حیات نے کہا کہ میں نے کم عُمری میں ہی اپنے کیریئر کا آغاز کرلیا تھا اور اپنی ساری توجہ کیریئر بنانے میں لگا دی، اس دوران شادی کا خیال نہیں آیا لیکن میں نے اپنے آئیڈیل مرد کے حوالے سے پیمانے بنا رکھے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں کسی بھی مرد سے تعلقات استوار کرنے سے پہلے اپنے بارے میں سوچتی ہوں کہ میں مہوش حیات ہوں اور مجھے اپنی شخصیت اور معیار کے مطابق ہی کسی بھی شخص کے ساتھ تعلقات بنانے چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے لیے کسی بھی شخص کی ظاہری خوبصورتی یا رنگت اہمیت نہیں رکھتی لیکن ہاں مجھے لمبے قد والے مرد پسند ہیں۔
مہوش حیات نے کہا کہ میں مردانہ وجاہت رکھنے والے دراز قد مرد سے شادی کروں گی، جسے دیکھ کر لگے کہ وہ مرد ہی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میرا ہونے والا شوہر ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کا مکسچر ہو اور اس میں ان دونوں اداکاروں جیسی خصوصیات موجود ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دراصل! میں نے اپنے پسندیدہ شخص کو اپنے دل میں ہی چھپا رکھا ہے اور سچ تو یہ ہے کہ مجھے ابھی تک ایسا کوئی شخص نہیں ملا، اسی وجہ سے میں نے تاحال شادی نہیں کی۔