ممبئی: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ تبو نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ کچھ فلمیں کرنے سے انکار کردیا تھاتاہم مجھے یقین ہے کہ شاہ رخ بھی بہت سے پروجیکٹس کو منع کردیتے ہوں گے۔
بھارتی انٹرٹینمنٹ چینل کو انٹرویو میں بالی ووڈ کی ورسٹائل سینئر اداکار تبو نے کہا کہ ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی پروجیکٹ سمجھ میں نہ آئے تو آپ اسے قبول نہیں کرتے۔ مجھے متعدد فلموں میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی آفر ہوئی لیکن میں نے منع کردیا۔ مجھے یقین ہے کہ شاہ رخ بھی بہت سے پروجیکٹس کو منع کردیتے ہوں گے۔
تبو کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ایکٹنگ کیرئیر میں جن فلموں میں بھی شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا ان میں کبھی بھی اداکاری کے حوالے سے شاہ رخ خان سے مقابلے یا حاوی ہونے کی کوشش نہیں کی۔کام کے حوالے سے ایک دوسرے کو گنجائش دینا اور خیال رکھنا ضروری ہے۔
بالی ووڈ میں 3 دہائیوں سے اداکاری کے جوہر دکھانے والی تبو سے جب ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو 52 سالہ اداکارہ نے کہا کہ ان کا ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ رائٹرز اور فلم میکرز سے کہوں گی کہ میرے مطابق رول لکھیں۔ تبو کا مزید کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری میں بہت سے اداکار عدم تحفظ کا شکار ہیں لیکن جب آپ کوئی فلم کرتے ہیں تو ماحول اچھا ہو یا برا۔۔ ساتھی اداکارپراعتماد ہو یا عدم تحفظ میں مبتلا سب کے ساتھ گزارا کرنا پڑتا ہے۔