پارہ چنار :پارہ چنار میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک ٹیچر کوقتل جبکہ اپر کرم میں ہائی اسکول کے اسٹاف روم میں فائرنگ سے 7 اساتذہ جاں بحق ہوئے—
اپر کرم میں ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 7 اساتذہ جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افرادنے فائرنگ اسکول کے اسٹاف روم میں کی، فائرنگ کے واقعے کے بعداسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
فائرنگ کا نشانہ بنائے گئے تمام ٹیچر امتحانی ڈیوٹی پر تھے۔
اس سے قبل آج پارہ چنار میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک ٹیچر کوقتل کیا گیا تھا۔
چلتی گاڑی پرفائرنگ کرکے قتل کیے گئے ٹیچر کا تعلق بھی تری مینگل ہائی اسکول سےتھا۔ ٹیچرمحمد شریف کو شلوزان روڈ پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ٹیچرز کو قتل کرنےوالے ملزمان کی تلاش جاری ہے، جاں بحق ٹیچرز کی لاشیں پارہ چنار اسپتال لائی جا رہی ہیں۔
8 اساتذہ کے قتل کے بعد کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
نگران مشیرتعلیم رحمت سلام خٹک کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد امتحانات کی تاریخ دی جائےگی، میٹرک کے امتحان ری شیڈول کرکے بقیہ پرچے لیے جائیں گے۔
دریں اثناء صدر مملکت نے اپر کرم اور پارہ چنار میں 8 اساتذہ کے قتل کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ علم دشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے ، امید ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔