لاہور: لاہورہائی کورٹ نےچیف سیکرٹری پنجاب سمیت سرگودھا کے افسروں کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
سرگودھا میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامی غفلت پرلاہور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب انٹرنل ونگ محمد شکیل،آر پی او سرگودھا ، ڈی پی او سرگودھا اور ڈی سی سرگودھا کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کئے۔
ڈی ایس پی کوٹ مومن ،اے سی کوٹ مومن اورایس ایچ او کوٹ مومن کو بھی توہین عدالت کے نوٹس بھیجے گئے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے محرم الحرام کے جلوسوں سے متعلق اندراجات و دیگر معاملے پر متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔
انتظامیہ احکامات پر بروقت عمل درآمد نہ کر سکی ، جس کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی نفی ہوئی ، عدالت نے سید عون محمد کی درخواست پر مندرجہ بالا افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دئیے۔
اس حوالے سے پولیس اور سپیشل برانچ کے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔خاص طور پر ان کے خلاف جنھوں نے بلاضابطہ قانون محرم میں نئے پروگراموں کا اجراء کروایا تھا ، جس پر معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔