چلاس کے علاقے گیٹی داس میں سیاحوں کی گاڑی التنے سے 8 افراد جاں بحق
Share your love
چلاس :چلاس کے علاقے گیٹی داس میں سیاحوں کی گاڑی حادثے کاشکارہوگئی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر چلاس کاکہناہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ گیٹی داس کے مقام پر کار اور وین کی ٹکر کے باعث حادثہ پیش آیا، کار سے ٹکر کے بعد وین کھائی میں گری اور اس میں آگ لگ گئی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان نے گیٹی داس بابوسر میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور سیکریٹری صحت سمیت چلاس ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔