کووڈ 19 کی نئی قسم کے کیسز میں 80 فیصد اضافہ ریکارڈ،ڈبلیو ایچ او
Share your love
جنیوا:عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی نئی قسم کے کیسز میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔نئے کیسز کی زیادہ تر تعداد مغربی پیسیفک سے سامنے آ رہی ہے۔
اپنی ہفتہ وار اپ ڈیٹ میں اقوام متحدہ کی ذیلی ایجنسی ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ دنیا بھر میں 10 جولائی سے 6 اگست کے درمیان 15 لاکھ کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے، یہ تعداد گزشتہ سے پیوستہ 28 ایام کے مقابلے میں 80 فی صد زیادہ ہے۔
ادارے کے مطابق کورونا سے اموات کی شرح 57 فیصد گرنے کے بعد 2500 تک آگئی ہے، نئے کیسز کی زیادہ تر تعداد مغربی پیسیفک سے سامنے آ رہی ہے جہاں انفیکشن کی شرح میں 137 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ کیسز اور اموات کی رپورٹ کی گئی تعداد حقیقی اعداد و شمار کی عکاسی نہیں کرتی کیوں کہ کورونا کے ابتدائی دور کے برعکس اب ٹیسٹنگ اور نگرانی کم کی جا رہی ہے۔
قبل ازیں ڈبلیو ایچ او نے مئی کے مہینے میں کووڈ کو عالمی سطح پر ایمرجنسی کی فہرست سے نکالا دیا تھا تاہم اس متعلق خبردار بھی کیا تھا کہ یہ وائرس موجود رہے گا اور شکلیں بدل کر سامنے آتا رہے گا۔