Enter your email address below and subscribe to our newsletter

آزاد کشمیر میں حکمران اتحاد پندرہویں آئینی ترمیم کرنے میں کامیاب،چوہدری لطیف اکبر سپیکر اسمبلی منتخب

Share your love

مظفرآباد: آ زاد کشمیر میں حکمران اتحاد پندرہویں آئینی ترمیم کرنے میں کامیاب ہو گیا ، وزراء کی تعداد 16تک محدود رکھنے کی قدغن ختم، آئینی ترمیم کے فوراً بعد سپیکر اسمبلی کا انتخاب کر لیا گیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے چوہدری لطیف اکبر 19ووٹ لیکر آزاد کشمیر کے 14ویں سپیکر اسمبلی منتخب ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے باغی دھڑے نے ایوان میں موجود ہونے کے باوجود ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا
جبکہ اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے پہلے ہی بائیکاٹ کر دیا تھا۔

آزاد کشمیر میں طویل ڈیڈ لاک کے بعد آخر کار حکمران اتحاد نے پندرہویں آئینی ترمیم کا سنگ میل عبور کر لیا۔

مسلم لیگ ن کی حکومت نے ماضی میں تیرویں آئینی ترمیم کے ذریعے وزراء کی تعداد کو 16تک محدود کیا تھا ۔

اب مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے منحرف دھڑے نے ملکر نئی آئینی ترمیم میں اس پابندی کو ختم کر دیا ہے۔

اپوزیشن بینچوں پر موجود تحریک انصاف کے اراکین نے اس عمل کا بائیکاٹ کیا جبکہ حکمران اتحاد نے یکطرفہ طور پر 40 ووٹ آئینی ترمیم کے حق میں حاصل کیے۔

آزاد کشمیر کے آئین میں ترمیم کے لئے 52کے ایوان میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت تھی جسے بخوبی حاصل کر لیا گیا ۔

اس کے فوراً بعد سپیکر اسمبلی کے انتخاب کے لئے شیڈول جاری کیا گیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے چوہدری لطیف اکبر اور پاکستان تحریک انصاف کے مقبول گجر کے درمیان مقابلہ متوقع تھا مگر آخری وقت میں تحریک انصاف کے اراکین نے قائد ایوان پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی عمل کا بھی بائیکاٹ کر دیا ۔

اس کے بعد جاری شیڈول کے مطابق پولنگ شروع ہوئی اور چوہدری لطیف اکبر 19ووٹ لیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 14ویں سپیکر منتخب ہو گئے ۔جبکہ ایوان میں 41اراکین موجود تھے 11اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔

ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض نے نومنتخب سپیکر سے حلف لیا ۔ اس موقع پر نومنتخب سپیکر نے اپنے خطاب میں سارے ایوان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق اس ایوان کو چلانے کی کوشش کریں گے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!