پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سبب نہیں لیکن ہم ماحولیاتی تبدیلی کا گراوٴنڈ زیرو بن چکے ہیں،شیری رحمان
Share your love
اسلام آباد:پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و سینیٹر شیری رحمان کاکہنا کہ آندھی، طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے انسانوں، مویشیوں، کھڑی فصلوں، کمزورعمارتوں اور کچے گھروں کوشدید نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سبب نہیں اس کے باوجود ہم ماحولیاتی تبدیلی کا گراوٴنڈ زیرو بن چکے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 29 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہوا، جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
ان کاکہناتھا کہ پاک افواج، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ مقامی اداروں کی جانب سے بروقت کارروائیاں قابل تحسین ہیں، سندھ کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون سے پہلے ہی طوفانی ہواوٴں، شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی قابل تشویش ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ آندھی، طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے انسانوں، مویشیوں، کھڑی فصلوں، کمزورعمارتوں اور کچے گھروں کوشدید نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو مزید ماحولیاتی واقعات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم نے سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو سمندری طوفان بائپر جوائے کے حوالے سے بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔