یونان کشتی حادثہ، پوری قوم سوگوار ،آج قومی پرچم سرنگوں
Share your love
اسلام آباد:یونان میں کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعہ پر پوری قوم سوگوار ہے درجنوں پاکستانی ابھی تک لاپتہ ہیں. وزیر اعظم کے مطابق اس افسوسناک واقعہ پرآج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔
یونان میں کشتی ڈوبنے کے افسوسناک حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پرآج یوم سوگ منایاجارہاہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لئے چاررکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چیئرمین مقرر کر دیے گئے۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی کمیٹی کے رْکن ہو ں گے۔
آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔. کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی. اور انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا۔
عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی. فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا. ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی. کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی. کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کا یونان میں کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پرشدید اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی انسانی جانوں سے کھیلنے والے ہیومن سمگلرز کو قرار واقعی سزا دی جائے۔