توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
Share your love
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور انہیں الیکشن کمیشن ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔فواد چوہدری کی جانب سے وکیل مرزا آصف الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔
وکیل آصف مرزا نے موقف اختیار کیاکہ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کیااوراسلام آباد ہائیکورٹ نے اس کیس پر فیصلہ محفوظ کیا ہے ۔اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن شوکاز نوٹس کے معاملے پر فیصلہ سنا چکا ہے، آج فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھاجبکہ فواد چوہدری نے آج تک جواب جمع نہیں کرایا۔
بعدازاں فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ کیس کی سماعت 6 جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔