Enter your email address below and subscribe to our newsletter

بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا،ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ الرٹ رہے ،پی ڈی ایم اے

Share your love

لاہور:پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کا کہنا ہے کہ بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا ہے۔بھارت نے ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی دریائے راوی میں چھوڑا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ سال بھی بھارت نے 1 لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ دریائے راوی سے منسلک اضلاع کی انتظامیہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے۔

اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انڈس واٹر کمیشن کے مطابق بھارت نے تقریباً 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اُجھ بیراج سے چھوڑا ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بھارت کے چھوڑے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60 ہزار کیوسک جسڑ تک پہنچا تھا، پانی کی آمد کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا، تقریباً 65 ہزار کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جسڑ کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے، متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہے، دریائے چناب پر مرالہ ہیڈورکس اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر مانیٹرنگ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں بھارت سے آنے والا ریلہ آج شام جسڑ پہنچے گا، جسڑ کے مقام پر ڈھائی لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر سکتا ہے، دریائے راوی اور معاون برساتی نالوں پر 9 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، دریائے راوی اور چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے، حافظ آباد اور نارووال میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی، دریاؤں اور نالوں کے کنارے مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں، دریائے ستلج اور منسلک نالوں بھمبر، دیگ، پالکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں سیلاب کے خدشے کی وجہ سے کوٹ غلام کے نزدیک 2 ریلیف کیمپس بنا دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوٹ غلام سے کوٹ نکا تک علاقہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے، انتظامی افسران نے موقع پر دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا، ہیڈمرالہ پر اپ اسٹریم میں 1 لاکھ 39 ہزار 492 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے۔

صفدر حسین کا کہنا ہے کہ ہیڈمرالہ پر ڈاؤن اسٹریم میں1 لاکھ 18ہزار 692 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے، ہیڈ خانکی پر اپ اسٹریم 54404 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم 47300 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا۔

صفدر حسین نے کہا کہ ہیڈ قادر آباد پر اپ اسٹریم 49801 اور ڈاؤن اسٹریم27801 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا، منگلا پر اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم پر 10000 کیوسک پانی گزر رہا ہے، تمام مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، پانی کے بہاؤ کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے متحرک ہیں۔

محکمۂ آبپاشی نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کی صورت حال نارمل ہے، اسلام ہیڈورکس پر پانی کی آمد 3319 کیوسک اور اخراج 2335 کیوسک ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو خبردار کیا جا رہا ہے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!