چیئرمین پی ٹی آئی کی گیارہ مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع
Share your love
فائل:فوٹو
اسلام آباد:اسلام آباد کی تین عدالتوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گیارہ مقدمات میں عبوری ضمانت میں انیس جولائی تک توسیع کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے نو مئی سے متعلق دو مقدمات میں پٹینشر کو ہر صورت شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش ہونے کیلئے تین بار آوازیں لگوانے کا حکم بھی دیا۔
اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی سے متعلق دہشت گردی کے تین مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔
دوران سماعت وکیل نے کہا کہ دو تین عدالتیں ہیں پٹیشنر کون سی عدالت میں پیش ہوں ؟۔جج نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بادشاہوں والی بات کرتے ہیں ، تین بار آواز لگوائیں اور پٹشنر چیئرمین پی ٹی آئی کو بلوائیں۔جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کمرہ عدالت پہنچ گئے۔
جج نے کہا کہ اگر پراسیکوشن کی طرف سے کوئی بھی التوا ہوا تو میں کبھی بھی برداشت نہیں کروں گا۔میں کسی کی سائیڈ نہیں لے رہا۔چاہتا ہوں کہ کلیئرآبزرویشن دیں جس کی بنیاد پر انصاف ہو ، اس پاک سر زمین نے ہمیں یہ سہولت آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دیں ہیں۔۔اس ملک کو ہم نے بچانا ہے اور ہر حال میں بچانا ہے۔اگر پولیس نے تاخیر کی تو میں قانون کے مطابق کاروائی کروں گا۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے چھ مقدمات کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا اور نو مئی سے متعلق دو مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ نے کی۔
جج نے کہا کہ پٹیشنر شامل تفتیش نہ ہوئے تو دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں فیصلہ سنا دیں گے۔تینوں عدالتوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں میں 19 جولائی تک توسیع کر دی۔جبکہ جعلی سازی کے مقدمے میں بشری بی بی کی درخواست ضمانت میں بھی 19 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔