شہبازشریف وزارتِ عظمیٰ کے منصب کی توہین اورسیاست کیلئے باعث ندامت ہیں،ترجمان پی ٹی آئی
Share your love
لاہور:ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن کا کہناہے کہ شہبازشریف وزارتِ عظمیٰ کے منصب کی توہین اور سیاست کیلئے ندامت و شرمندگی کا باعث ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں رؤف حسن نے کہا کہ عزتَ نفس کے احساس سےمحروم اس شخص کے وزارتِ عظمیٰ پر بیٹھتےہی منصب سےشرافت و وقار رخصت ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ موصوف اقتدار کیلئےذلَت کی کسی بھی نوعیّت اور کسی بھی حد تک گرنا گوارا کرنےکیلئےہمہ وقت آمادہ و تیار ہیں۔رجیم چینج کے اہداف کی تکمیل کیلئے ایسےہی کسی جوکر کی ضرورت تھی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اس شخص نے پچھلے 14 ماہ کے دوران 6% کی بلند شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتارا،مہنگائی کو 12سے38% تک پہنچایا اور عوام کا جینا دوبھر کیا۔
رؤف حسن نے مزید کہا کہ معاشی تباہی کے فلڈ گیٹ کھول کر ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے شخص کےہاتھوں حب الوطنی کےسرٹیفکیٹ کی کسی کو ضرورت نہیں۔کٹھ پتلی سرکار کی فسطائیت کواسرائیلی مندوب کے بیان کےلحاف میں چھپانےکی کوشش سراسر بیہودگی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پچھلے 14 ماہ سے جاری رقصِ ندامت کے اختتام پر پرچی کے ذریعے اس مجرم اور اس کے حواریوں کا سیاسی سفر اپنے انجام کے قریب ہے-