Enter your email address below and subscribe to our newsletter

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کیخلاف توشہ خانہ کیس، سماعت پیر تک ملتوی

Share your love

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن پیش ہوئے جن سے عدالت نے استفسار کیا کہ آج آپ نے دلائل دینے ہیں؟

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امجد پرویز دلائل دیں گے، امجد پرویز آج گھریلو مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکیں گے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔

جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کل سماعت ممکن نہیں، ضلعی کچہری کی شفٹنگ ہے، کل صبح ایف ایٹ کچہری میں کوئی کیس نہیں ہو سکے گا، یا ایسا ممکن ہو سکتا ہے کہ کل کچہری کی نئی عمارت میں سماعت کر لیتے ہیں؟

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے جواب دیا کہ میں امجد پرویز سے بات کر کے 5 منٹ میں عدالت کو آگاہ کرتا ہوں۔

اس کے بعد عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے پیر تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی اور کہا کہ کچہری کی شفٹنگ ہو رہی ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ پیر تک سماعت ملتوی کی جائے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے۔

جج ہمایوں دلاور نے وکیل گوہر علی خان سے کہا کہ آج کل بہت مصروف ہیں، امجد پرویز آج پیش نہیں ہو سکتے، سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کر رہے ہیں۔

جج ہمایوں دلاور نے قرار دیا کہ کہ پیر کو کچہری کی نئی عمارت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان نے کہا کہ نئی کچہری میں نئے ماحول کے ساتھ توشہ خانہ کیس کی سماعت ہو گی، گڈ ٹو سی یو اِن نیو کچہری۔

انہوں نے استدعا کی کہ توشہ خانہ کیس کے لیے پیر کو دن 11 بجے کا وقت مقرر کر لیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی اور توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر 17 جولائی 11 بجے دن تک ملتوی کر دی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!