عوام نے نوازشریف کو دوبارہ اقتدار کا موقع دیا تو ملک کا نقشہ بدل دیں گے،وزیراعظم
Share your love
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ نوازشریف نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف کے بجائے لیپ ٹاپ دیا، یہ لوگ کہتے تھے یہ لیپ ٹاپ نہیں دے رہا یہ رشوت دے رہا ہے۔ اگلے الیکشن میں عوام نے نوازشریف کو دوبارہ اقتدار کا موقع دیا تو ملک کا نقشہ بدل دیں گے۔
گورنر ہاوٴس میں یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لئے کافی چیلنجنگ ہے، آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوتا، معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں استحکام آ رہا ہے، پٹرول کی قیمت میں 9 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نوازشریف کی قیادت میں عملی طور پر کام کر کے دکھایا، جو لوگ ملک کیخلاف سازش کر رہے تھے وہ تمام سازشیں دفن ہوئیں، نوازشریف نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف کے بجائے لیپ ٹاپ دیا، یہ لوگ کہتے تھے یہ لیپ ٹاپ نہیں دے رہا یہ رشوت دے رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہی لیپ ٹاپ ہے جس نے کورونا میں بچوں کو تعلیم کا ذریعہ فراہم کیا، جو لیپ ٹاپ کو رشوت کہتا ہے آپ اس کی دماغی حالت کا اندازہ لگا لیں۔