وزیراعظم کی قوم اور امت مسلمہ کو نئے اسلامی سال کی مبارک باد
Share your love
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور امت مسلمہ کو نئے اسلامی سال کی مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ نیا سال پاکستان کے ہر گھر میں برکتیں، امن اور خوشحالی لائے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ نیا سال پاکستان اور عالمِ اسلام کیلئے امن، ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو۔ دعا ہے نئے سال میں کشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر ظلم و جبر ختم ہو۔ نیا اسلامی سال تاریخ کے تلخ لمحات کی بھی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں نے عدل و انصاف کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔ جبر و استبداد کے خلاف ان کا غیر متزلزل یقین، جرات، قربانی اور لگن کی لازوال مثال ہے۔
وزیراعظم کہا یہ واقعہ ہمیں انصاف اور اتحاد کی اقدار کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے ایمان کا مرکزی جزو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عہد کریں ہم اپنے نبی ﷺ اور صحابہ کرام کی قائم کردہ اعلیٰ صفات کی تقلید کی کوشش کریں گے۔ اللّٰہ رب العزت نے ایک برس کی قلیل مدت میں پاکستان کیلئے ہماری محنتیں اور ریاضتیں قبول کیں۔
وزیراعظم نے کہا دعا ہے نیا سال پاکستان کے ہر گھر میں برکتیں، امن اور خوشحالی لائے اور ہم اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک قوم کے طور پر ملک کے روشن مستقبل کےلیے کام کریں۔