فیس بک پر دوستی ، بھارت سے پاکستان آئی انجو نے دیر بالا کے رہائشی نصراللہ سے نکاح کر لیا
Share your love
دیر بالا: فیس بک پر دوستی کے بعد بھارت سے پاکستان آنے والی شادی شدہ خاتون انجو نے دیر بالا کے رہائشی نصراللہ سے نکاح کر لیا۔
انجو اور نصر اللہ کا نکاح ڈسٹرکٹ کورٹ دیر میں پڑھایا گیا، دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی انجو کا اسلامی نام فاطمہ رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نصراللہ سے 2019 میں فیس بک پر دوستی کے بعد پاکستان آنے والی 34 سالہ انجو اپنے شوہر کو بتا کر آئی تھی کہ وہ جے پور جارہی ہے، انجو نے اروند سے شادی کیلئے عیسائیت قبول کی تھی۔
دوسری جانب 2 روز قبل پاکستانی اور بھارتی میڈیا پر یہ معاملہ وائرل ہونے کے بعد گزشتہ روز 29 سالہ نصراللہ کا بیان سامنے آیا تھا جس میں اس کا کہنا تھا کہ دونوں کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
29 سالہ نصر اللہ نے کہا تھا کہ اس کا انجو سے شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، انجو20 اگست کو اپنے ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد اپنے ملک واپس چلی جائے گی، وہ میرے خاندان کی دیگر خواتین کے ساتھ گھر کے ایک علیحدہ کمرے میں رہ رہی ہے۔
یاد رہے کہ انجو ویزہ لیکر پاکستان پہنچی تھی، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی جانے والی ایک سرکاری دستاویز کے مطابق انجو کو 30 دن کا ویزا دیا گیا ہے، جو صرف اپردیر کے لیے موزوں ہے۔