توشہ خانہ کیس ،چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
Share your love
اسلام آباد: توشہ خانہ کیس ،چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، درخواست میں ٹرائل کورٹ کی کارروائی معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے ہائیکورٹ کے 4 اگست کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عجلت میں فیصلہ دیا۔
درخواست گزار کا موٴقف ہے کہ توشہ خانہ کیس ٹرائل چلانے والے جج کے علاوہ کسی دوسرے جج کے پاس بھیجا جائے، ہائیکورٹ نے ٹرانسفر کی درخواست کے میرٹ اور جج کی جانبداری پر دلائل نہیں سنے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس اسی جج کے پاس واپس بھیجا جس پر درخواست گزار کا اعتراض ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے جس انداز میں فیصلہ دیا اس سے درخواست گزار کے بنیادی انسانی حقوق کی نفی ہوئی،ہائیکورٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے درخواست گزار کو درست انداز میں نہیں سنا، ہائیکورٹ کی آبزرویشن سے ٹرائل کورٹ کے جج کی جانبداری ثابت ہوتی ہے اس لیے کیس کسی دوسرے جج کے سامنے بھیجا جانا چاہیے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور توشہ خانہ ٹرائل کی کاروائی بھی معطل کی جائے۔