مشترکہ مفادات کونسل نے ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دیدی
Share your love
اسلام آباد:مشترکہ مفادات کونسل نے ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دیدی ہے پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے،نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت آبادی کی سالانہ گروتھ 2.55 فیصد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کردی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، وفاقی وزراء اور مختلف محکموں کے حکام بھی شریک ہوئے۔
بریفنگ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت آبادی کی سالانہ گروتھ 2.55 فیصد ہے، سب سے زیادہ گروتھ بلوچستان میں ہے جبکہ سب سے کم گروتھ خیبرپختونخوا میں رجسٹر ہوئی وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب 12 کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ سب سے بڑا صوبہ ہے جبکہ سندھ میں 5 کروڑ سے زائد، کے پی 3 کروڑ سے زائد اور بلوچستان 2 کروڑ سے زائد آبادی والے صوبے بن گئے۔
اس سے قبل اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج پیش کئے گئے، وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس میں پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے حتمی نتائج کی منظوری دے دی ہے۔
اس اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی یکم مارچ 2023 کو شروع کی جانے والی ساتویں خانہ و مردم شماری میں پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے حتمی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی کُل آبادی 241.49 ملین ہے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل جبکہ ساتویں خانہ و مردم شماری، جو کہ جنوبی ایشیا ء کی سب سے بڑی ڈیجیٹلائزیشن مشق بھی ہے، کی منصوبہ بندی صرف 18 ماہ کے قلیل عرصے میں کی گئی تھی۔
جو اس کو تاریخی حیثیت دیتی ہے اس میں نہ صرف پہلی بار ٹیبلٹس کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی آبادی کو ڈیجیٹل طور پر شمار کیا گیابلکہ پہلی مرتبہ پاکستان کے شہریوں کو خود شماری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ۔ اس مردم شماری نے ملک بھر میں اقتصادی گروپوں کے حجم کا تعین کرنے کے لئے اقتصادی فریم بھی فراہم کیا ہے تمام ڈھانچوں کو جیو ٹیگ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن لائن ڈیش بورڈز تک رسائی دی گئی۔
مردم شماری کے نتائج کی شفافیت کو پرکھنے کے لئے بعد ازشمار سروے کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ یہ تمام اقدامات پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے اہم سنگ میل کو حاصل کرنے اور ڈیجیٹلائزیشن کی طرف ایک بہت بڑا قدم ہیں ۔
مردم شماری کے اعداد و شمار حکومتوں کو حلقہ بندیاں کرنے اورصوبوں، اضلاع اور مختلف علاقوں میں فنڈز ، امداد اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے فیصلہ سازی کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔
ساتویں خانہ و مردم شماری کو کامیابی سے مکمل کرنے پر پاکستان ادارۂ شماریات (پی بی ایس) اپنے تمام عہدیداروں، سٹیک ہولڈرز، فیلڈ سٹاف اور عوام کی شرکت، انتھک کوششوں اور تعاون پر ان سب کا انتہائی مشکور ہے۔