اقوام متحدہ یاسین ملک کی جان بچانے کیلئے کردار ادا کرے،مشعال ملک
Share your love
مظفر آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ یاسین ملک کی جان بچانے کیلئے کردار ادا کریں،بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے گھروں پر قبضہ کر لیا ہے،دنیا ہمارے مسئلے کو سنجیدگی سے لے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور ان کی صاحبزادی رضیہ سلطان نے آزاد کشمیر کے علاقے مانک پیاں کا دورہ کیا اور منقسم کشمیری خاندانوں کے زعما سے ملاقات کی۔
مشعال ملک نے مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی ریاستی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کی رہائی کیلئے کل دو میل کے مقام پر احتجاج کیا جائے گا ان کی جان کو خطرہ ہے، اقوام متحدہ سے جان بچانے کیلئے مدد مانگیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ یاسین ملک کی جان بچانے کیلئے کردار ادا کریں، یاسین ملک سمیت جتنے بھی کشمیری بھارت نے گرفتار کیے ہیں رہا کرایا جائے، ہر انسان کا بنیادی حق ہے کہ وہ آزادی سے سانس لے سکے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے گھروں پر قبضہ کر لیا ہے، بنیادی حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں، دنیا ہمارے مسئلے کو سنجیدگی سے لے۔
مشعال ملک نے مزید کہا ہے کہ ہمارے حق میں اتنی قراردادیں ہیں کیا وجہ ہے کہ ہمیں انصاف نہیں ملتا، صرف یہ وجہ ہے کہ ہم کشمیری ہیں، دنیا ہمیں انسان سمجھتی ہے تو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔