Enter your email address below and subscribe to our newsletter

نگران وزیراعظم کامنصب کون سنبھالے گا ؟ تاحال طے نہ ہو سکا

Share your love

اسلام آباد: نگران وزیراعظم کی کرسی پر کون ہوگا براجمان ؟ تاحال طے نہ ہو سکا، نگران وزیراعظم کے تقرر کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان آج ملاقات طے پا گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات دوپہر 2 سے 3 بجے وزیر اعظم ہاوٴس میں ہوگی، راجہ ریاض کو پی ایم ہاوٴس کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن لیڈر کے سامنے نگران وزیر اعظم کے لئے 3 نام پیش کریں گے جبکہ راجہ ریاض بھی نگران وزیر اعظم کیلئے 3 نام سامنے رکھیں گے۔

اتحادیوں نے نگران وزیر اعظم کیلئے اپنے اپنے نام تجویر کر دیئے ہیں، ایم کیو ایم کی جانب سے نگران وزیر اعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام دیا گیا ہے جبکہ نیشنل پارٹی نے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کا نام تجویز کیا ہے۔

نگران وزیر اعظم کیلئے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، حفیظ شیخ، جسٹس (ر) تصدیق جیلانی، جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر مشاورت جاری ہے جبکہ فواد حسن فواد، ذوالفقار مگسی، ڈاکٹر عشرت العباد کے نام بھی زیرغور ہیں۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم کیلئے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سب سے مضبوط امیدوار ہیں، جلیل عباس جیلانی کا نام پیپلز پارٹی کا تجویز کردہ ہے، سابق سینئر سفارتکار جلیل عباس جیلانی کا نام آصف زرداری نے نواز شریف کے سامنے رکھا تھا۔

نواز شریف اور آصف زرداری کی بیرون ملک ملاقات میں جلیل عباس جیلانی کا نام زیر غور آیا، مسلم لیگ (ن) کے قائد کی جانب سے جلیل عباس جیلانی کے نام پر اعتراض نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم کیلئے کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا، اگر کمیٹی کوئی فیصلہ کرنے میں ناکام رہی تو الیکشن کمیشن کے ساتھ شیئر کئے گئے مجوزہ ناموں کی فہرست میں سے نگران وزیراعظم کا انتخاب کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے پاس 2 روز کا وقت ہوگا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!