جسٹس ارباب طاہرنے شہر یار آفریدی کے خلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی
Share your love
اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی ۔ عدالت نے فائل چیف جسٹس کو بھیجوا دی ۔
عدالت عالیہ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فائل چیف جسٹس آفس کو بھجوا رہے ہیں چیف جسٹس کسی اور بنچ کو کیس مارک کریں گے۔
شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے زریعے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد کے آرڈر پر تھری ایم پی او کے تحت شہریار آفریدی گرفتار ہیں۔شہریار آفریدی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ ،آئی جی اسلام آباد، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اورسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا ہے کہ اے ٹی سی کورٹ راولپنڈی کے احاطے سے باہر آتے ہی حراست میں لیا گیا۔ معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ آٹھ اگست کو مجسٹریٹ اسلام آباد نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم جاری کیاہے۔ استدعا ہے کہ تھری ایم پی او کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔