افواج پاکستان اورعوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے،آرمی چیف
Share your love
اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے 76 ویں جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آج کا دن ملکی دفاع کیلئے تجدید عہد کا دن ہے.عظیم رہنماؤں کے وژن اور قربانیوں کے باعث پاکستان حاصل ہوا، افواج پاکستان اورعوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے.
یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے ) کاکول میں شاندار آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر آزادی پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے ) کے کمانڈنٹ میجر جنرل افتخار حسن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
جنرل عاصم منیر نے تقریب سے خطاب میں کہا پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں ہے، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آج کا دن ملکی دفاع کیلئے تجدید عہد کا دن ہے.
انھوں نے کہا دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، قوم یقین رکھے پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، آرمی چیف کا کہنا تھا قوم کویقین دلاتےہیں پاکستان کیلئےکسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن قائدین، اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل آزادی کی تکریم کا دن ہے، آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الاللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زوردیتا ہے، یہ پیغام دوقومی نظریہ کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں جغرافیائی، سیاسی تنازعات، طاقت کےحصول کی کشمکش کا سامنا ہے، ہمیں تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجزکا بھی سامنا ہے، پاکستان کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کو ناکامی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم کے قول “ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کومٹا نہیں سکتی“کےامین ہیں، قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ اور صلاحیت رکھتی ہے، میں اس موقع پراپنی عظیم قوم کوامید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خود مختاری اور سالمیت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
تقریب کے دوران 14اگست1947 قیام پاکستان سے متعلق دستاویزی فلم بھی نشرکی گئی جبکہ قائداعظم محمدعلی جناح کی تقریر بھی دکھائی گئی۔
آزادی پریڈ کی تقریب کے دوران سرزمین پاکستان اور مادرِ وطن کے شہداء کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب اس حقیقت کا والہانہ اظہار تھی کہ پاکستانی عوام ایک زندہ دل قوم ہیں جو اپنی آزادی کا جشن بھرپور اور پُرجوش انداز میں مناتے ہیں۔