ٹی ٹوئنٹی سیریز, یو اے ای نے نیوزی لینڈ کو ہرادیا
Share your love
دبئی :ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو یو اے ای کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست ہو گئی۔
یو اے ای نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، یو اے ای کی ٹیم نے 143 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
یو اے ای کی جانب سے محمد وسیم نے 55 اور آصف خان نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی۔
میچ ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا کہ یہ کھیل کی خوبصورتی ہے، اس کا سارا کریڈٹ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو جاتا ہے، انہوں نے بیٹنگ، باؤلنگ ، فیلڈنگ (تینوں شعبوں) میں ہمیں پیچھے چھوڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا، ڈراپ کیچز کھیل کا حصہ ہیں، ہمیں تینوں شعبوں میں بہتر ہونا ہے، ہم اتوار کو سیریز کے فیصلہ کن میچ میں کم بیک کریں گے۔
ادھر فاتح متحدہ عرب امارات ٹیم کے کپتان محمد وسیم نے کہا کہ میں اپنی اور اپنی ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں، جب ہم جیتتے ہیں تو اس کے پیچھے ہمیشہ ہماری بہترین کوشش شامل ہوتی ہے۔
آصف خان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہے، بدقسمتی ہے کہ اس نے اپنا ڈیبیو دیر سے کیا، اس کے پاس تجربہ ہے اور اس نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کھیل ختم کرے گا اور اس نے یہ کر دکھایا۔
محمد وسیم نے کہا کہ مجھے آیان افضل خان میں ایک بڑا کھلاڑی نظر آتا ہے، اُمید ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے لیے مستقبل کا سٹار بنے گا، وہ پریشر محسوس نہیں کرتا، قطع نظر اس کے کہ وہ کس کا سامنا کر رہا ہے۔