روسی صدر پوٹن یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہش مند
Share your love
ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے برکس اجلاس سے خطاب میں یوکرین جنگ کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس جنگ کا اصل ذمہ دار مغربی ممالک کو قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے جنوبی افریقا میں جاری برکس ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں مغربی ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی ممالک اور ان کے اتحادی ہی تھے جنھوں نے یوکرین جنگ مسلط کی۔
روسی صدر پہلی بار کسی عالمی سطح کے اجلاس میں کہا کہ ہم یوکرین جنگ کو اب ختم کرنا چاہتے ہیں تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کن شرائط پر ایسا کرنا چاہتے ہیں۔
روسی صدر کے یوکرین جنگ خاتمے کا عندیہ اس پیشرفت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ڈنمارک اور ہالینڈ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کو ایف-16 طیاروں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یوکرین کے صدر متعدد بار مغربی ممالک سے ایف-16 طیاروں کی فراہمی کا مطالبہ کرتے آئے ہیں تاکہ روس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جاسکے تاہم امریکا اور برطانیہ ٹالتے آئے ہیں۔
ڈنمارک اور ہالینڈ سے ایف-16 طیاروں کی فراہمی کے معاہدے پر یوکرین کے صدر نے کہا کہ اب روس سے جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
واضح رہے کہ حالیہ دو روز میں یوکرین کے ڈرون حملوں کے باعث روس میں تین سے زائد ہلاکتیں ہوئیں اور ماسکو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر پروازوں کو معطل کرنا پڑ گیا تھا۔