چئیرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنا دیا گیا
Share your love
اسلام آباد:چئیرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور کو سیکورٹی خدشات کے باعث او ایس ڈی بنا کر اسلام آباد ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور نے خود خط لکھ کر سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا اور ٹرانسفر کی درخواست دی تھی ۔ اسی خط کی روشنی میں انہیں او ایس ڈی بنا کر نئی پوسٹ تخلیق کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کاروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا دینے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنادیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر رجسٹرار آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ20کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ ہمایوں دلاور کو فوری طور پر او ایس ڈی بناتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،۔آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی کیلئے نئی پوسٹ تخلیق کی گئی ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ انکا سترہ اگست کا خط ہے جس میں انہوں نے سیکورٹی خدشات اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور برطانیہ میں ٹریننگ کے بعد سولہ اگست کو وطن واپس لوٹے اور سترہ اگست کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کو خط لکھا جس میں انہوں نے خود کو درپیش سیکورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کیا۔
جج ہمایوں دلاور نے خدشے کا اظہار کیا کہ مظاہرین کی جانب سے ان کی عدالت میں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے جبکہ یو کے میں ٹریننگ کے دوران بھی احتجاج اور دھمکیوں کا سامنا رہا ہے ۔
یاد رہے کہ جج ہمایوں دلاور کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا تھا جسے برطانوی پولیس نے مظاہرین کی جج تک رسائی کو ناکام بنایا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ہمایوں دلاور کو سیکورٹی خدشات کے باعث ہائیکورٹ میں پوسٹ کیا گیا،جوڈیشل افسر کی زندگی کو درپیش خطرات کے باعث ہائیکورٹ نے جج کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔