ایشیاکپ،بنگلادیش کا افغانستان کو جیت کیلئے 335 رنز کا ہدف
Share your love
لاہور:ایشیا کپ 2023ء میں گروپ بی کے اہم میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو جیت کےلیے 335 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ کے چوتھے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلادیش نے بیٹنگ کا پُراعتماد انداز میں آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 60 رنز بنائے، تاہم اس اسکور پر محمد نعیم 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اسکے بعد دوسری وکٹ صرف تین رنز کے بعد ہی گر گئی جب بغیر کوئی رن بنائے توحید ہردوئے گلبدین نائب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
تیسری وکٹ پر مہدی حسن اور نجم الحسن شنٹو نے 194 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔
مہدی حسن نے سنچری مکمل کی اور 112 رنز بنانے کے بعد 257 کے مجموعے پر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔ جبکہ انکے بعد نجم الحسن نے بھی اپنی سنچری مکمل کی، لیکن وہ 104 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
اسکے بعد وقفے وقفے سے بنگلادیشی وکٹیں گرتی رہیں، تاہم رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔
کپتان شکیب الحسن نے 18 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 334 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
لاہور میں میچ کے لیے ہونے والے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اچھا اسکور دینے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر افغانستان کی ٹیم کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔