صدر مملکت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرکے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کریں گے،عطا تارڑ
Share your love
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عبوری صدر اگر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں گے تو یہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہوگا، صدر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کیا صدر کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد کوئی نوٹیفکیشن جاری ہوا؟ نگران حکومت صدر کا حکم ماننے سے باز رہے، صدر مملکت پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف کا ایس آئی ایف سی کا اعلان احسن قدم ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا تاریخ کا اعلان کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی تاریخ کا اعلان کرکے ملک میں بحران اور بے یقینی کی صورتحال پیدا کریں گے، اہم قانون و فیصلہ سازی میں ان کا بطورعبوری صدر کوئی کردارنہیں رہا، الیکشن کمیشن نے انتخابات کا اعلان کرنا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا اب معیشت کو تھوڑا سنبھالا ملا ہے، ڈالر نیچے کی طرف آرہا ہے، بیرون ملک سے انویسٹمنٹ اور معیشت کے حوالے سے حوصلہ افزا خبریں آرہی ہیں، جیسے ہی معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تحریک انصاف ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں شروع کر دیتی ہے، اٹک میں بیٹھے ایک شخص کی وجہ سےایسا کیا جارہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا ان کو بہتر معیشت سوٹ نہیں کرتی، یہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ایسا کام نہ کریں، شہبازشریف نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور اب اس کے ثمرات آنا شروع ہوئے ہیں، صدر دانستہ طور پر ملک میں آئینی بحران پیدا کریں گے، آج بھی ایک سیاسی پارٹی کو ریلیف دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو اپنی ساس کا کیس نہیں سننا چاہئےتھا، چیف جسٹس کو کمیشن بنا کر تحقیقات کرانی چاہئےتھی، چیف جسٹس کا محبوب لیڈرچیئرمین پی ٹی آئی تھا۔