نائن الیون حملوں کو 22 برس بیت گئے
Share your love
نیویارک: 22 برس قبل آج ہی کے دن امریکا کے شہر نیویارک میں دہشتگردی کی وہ کارروائی ہوئی تھی جس نے دنیا کا منظر نامہ ہی بدل کر رکھ دیا۔
ان حملوں میں 2,977 افراد مارے گئے جن میں سے اکثریت کا تعلق نیویارک سے تھا، ان حملوں کی منصوبہ بندی القاعدہ نامی شدت پسند گروہ نے افغانستان میں کی تھی۔
11 ستمبر 2001 کا سورج امریکا کیلئے قیامت بن کر چڑھا، جب دہشت گردوں نے ہائی جیک کئے گئے 2 طیارے نیویارک میں موجود ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ایک کے بعد ایک ٹکرا دیئے اور دنیا کی بلند ترین عمارت منٹوں میں زمین بوس ہوگئی۔
اس حملے میں 2977 امریکی اور غیر ملکی باشندے مارے گئے اور 6 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے، 10 ارب ڈالر کا مالی نقصان بھی ہوا، اسی روز دو مزید طیارے بھی ہائی جیک کئے گئے، جن میں سے ایک پینٹاگون کے قریب اور دوسرا جنگل میں گر کر تباہ ہوا تھا۔
ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے فوری بعد دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کی ایک لہر نے جنم لیا تھا۔
امریکا کی جانب سے ان حملوں کا ذمہ دار عالمی دہشت گرد تنظیم ’القاعدہ‘ کو ٹھہرایا گیا تھا، ناکافی ثبوتوں کے باوجود اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے افغانستان پر جنگ مسلط کر دی تھی، جس کے بعد سے دہشت گردی کے جن نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
افغانستان پر امریکی حملے میں شدت پسندوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں افغان شہری بھی مارے گئے، ہزاروں بے گھر ہوئے، تاہم امریکا کو اس جنگ میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔