طلاق کے بعد تکلیف سے نکلنے میں کئی سال لگ گئے ،منشا پاشا
Share your love
کراچی :پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ منشا پاشا نے طلاق کے ڈر سے شادی نہ کرنے کو بیوقوفی قرار دے دیا۔
حال ہی میں اداکارہ منشا پاشا نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی ابتدائی زندگی، کیریئر، پہلی شادی اور طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں ہے لیکن اس بارے میں سب کو پتا ہے کہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی اور اس کی تکلیف سے نکلنے میں تقریباً 5 سال کا عرصہ لگا۔
منشا نے کہا کہ جب ایک رشتہ ٹوٹ رہا ہوتا ہے تو ارد گرد کے لوگ مسلسل نصیحت اور مشورے دیتے ہیں جو مثبت بھی ہوسکتے ہیں لیکن وہ وقت ایسا ہوتا ہے جب آپ کو اپنے اندر کی آواز سننی چاہئے نہ کہ لوگوں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امید نہیں تھی کہ ان کا رشتہ اس طرح ختم ہوگا اور اس تکلیف سے نکلنے میں انہیں طویل عرصہ لگا کیونکہ جب دو انسان ایک رشتے میں بندھے ہوتے ہیں تو دونوں کی زندگیاں اور خاندان بھی ایک ساتھ جُڑ جاتے ہیں، ایک دوسرے کی عادت ہوجاتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ پھر جب یہ ہی رشتہ ختم ہوتا ہے تو یہ بہت تکلیف دہ عمل ہوتا ہے کیونکہ ایک دوسرے کی عادت ہوتی ہے اور اس عادت سے نکلنے میں، اپنی ذات کے بارے میں سوچنے میں وقت لگتا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ طلاق کے ڈر کی وجہ سے لوگ شادی نہیں کرتے، طلاق کے خوف سے شادی سے بھاگنا بیوقوفی ہے، زندگی میں ہر چیز کو موقع دینا چاہیے۔