ورلڈکپ سے قبل بنگلا دیش کو بڑا دھچکا لگ گیا، کپتان انجری کا شکار
Share your love
لاہور:ورلڈکپ کے آغاز سے چند روز قبل بنگلا دیش کے کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن انجری کا شکار ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن کو پریکٹس کے دوران فٹبال کھیلتے ہوئے ایڑھی پر چوٹ لگی جس کے باعث انہوں نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف پہلا پریکٹس میچ بھی نہیں کھیلا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے وارم اپ میچ میں شکیب الحسن ٹاس کے وقت گراؤنڈ میں نہ آئے اور بتایا گیا کہ ان کی ایڑھی میں شدید تکلیف اور سوزش ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایڑھی کی انجری کے باعث شکیب الحسن دوسرا وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے اور خدشہ ہے کہ ورلڈکپ کے اپنے افتتاحی میچ میں افغانستان کے خلاف بھی وہ ایکشن میں نظر نہ آئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے شکیب الحسن اور تمیم اقبال کے درمیان اختلافات کی خبروں کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انجری سے مکمل نجات حاصل نہ کرنے کے باعث تمیم اقبال ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔
خیال رہے کہ شکیب الحسن کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے بنگلا دیش کی جانب سے 240 ون ڈے کھیل رکھے ہیں جس میں انہوں نے 7300 سے زائد رنز اور وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور گزشتہ ورلڈکپ میں بھی شکیب الحسن 606 رنز کے ساتھ تیسرے ٹاپ سکورر رہے تھے۔