Enter your email address below and subscribe to our newsletter

پنجاب حکومت کا مذہب کے نام پر شرانگیزی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ

Share your love

لاہور: پنجاب حکومت نے مذہب کے نام پر شرانگیزی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کر لیا۔محسن نقوی نے شرپسندوں اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں میانوالی میں کنڈل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذہب کے نام پر شرانگیزی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا، ایسے عناصر کی فنانسنگ روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، شرپسندوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، کسی بھی گروہ اور جتھے کو صوبے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے شرپسندوں اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سی سی پی او، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!