ورلڈکپ، پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 287 رنز کا ہدف دے دیا
Share your love
حیدر آباد: آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو جیت کیلئے 287 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جبکہ فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے اور 5 رنز پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق بھی زیادہ دیر پچ پر ٹھہر نہ سکے اور 15 سکور پر پویلین کی راہ لی۔
قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا، سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی مکمل کی جبکہ محمد رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے۔
سعود شکیل اور محمد رضوان 68،68 رنز بنا کر پویلین لوٹے، افتخار احمد 9، شاداب خان 32، محمد نواز 39 جبکہ حسن علی بغیر کو سکور بنائے آؤٹ ہوگئے۔
نیدرلینڈز کی جانب باس ڈی لیڈز نے 4 ، کولن ایکرمین نے 2 جبکہ وین بیک، پال وین میکرین اور آرین دت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں ورلڈ کپ کا اچھا آغاز کریں گے، 290 یا 300 پلس رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔
نیدرلینڈز کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچ دوسری اننگزمیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی۔
آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم، امام الحق، فخرزمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز احمدآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔