Enter your email address below and subscribe to our newsletter

سرفہ رنگا سالانہ رنگا رنگ جیپ ریلی اور دیگر مقامی کھیلوں کے فیسٹول کا باقاعدہ آغاز

Share your love

اسکردو:دنیا کا بلند ترین اور سرد صحرا سرفہ رنگا شگر میں پانچواں سالانہ رنگا رنگ جیپ ریلی اور دیگر مقامی کھیلوں کے فیسٹول کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر سیاحت غلام محمد،سینیئر صوبائی وزیر تعمیرات سید امجد زیدی،صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان، ممبر اسمبلی راجہ اعظم خان ، فورس کمانڈر میجر جنرل کاشف خلیل،سیکریٹری سیاحت و ثقافت آصف اللہ خان،کمشنر بلتستان ڈویژن نجیب عالم،ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی سمیت ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی فورس کمانڈر میجر جنرل کاشف خلیل جبکہ میر محفل صوبائی وزیر سیاحت وثقافت غلام محمد تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی فورس کمانڈر میجر جنرل کاشف خلیل نے کہا کہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ گلگت بلتستان میں سیاحت و ثقافت کی ترقی وترویج اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے جس سے گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر ملکی اور عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔

یہ شاندار فیسٹیول ملک دشمن عناصر کیلئے واضح پیغام ہے کہ گلگت بلتستان ایک پرامن خطہ تھا،ہےاور رہے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ پاک فوج کی جانب سے جیپ ریلی کے چمیپئن کو ایک ملین کے انعام کے ساتھ ساتھ ٹرافی بھی دی جائے گی۔

انہوں نے اس موقع پر شگر میں آرمی پبلک سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے پولو کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پولو کھیل کو یہاں دلچسپ اور منفرد مقام حاصل ہے اسلیئے پاک آرمی پولو کے فروغ کیلئے گلگت میں وہاب شہید پولو گراونڈ میں پولو میچز کا بہت جلد آغاز کرنے جارہی ہے، جس میں نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے میچز کھیلیں جائینگے جو دن کے علاوہ رات کو بھی کھیلے جائیں گے،جس کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل طے کررہے ہیں۔

اپنے خطاب میں فورس کمانڈر نے شگر میں جاری سرفہ رنگا تقریبات میں شرکت کرنے والے مقامی،قومی و بین الاقوامی شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی ثقافت اور مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے،جس سے آپ لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے اس اہم ایونٹ کو کامیابی کے ساتھ ترتیب دینے پر مقامی انتظامیہ،محکمہ سیاحت اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

افتتاحی تقریب سے صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت غلام محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت خطے میں سیاحت کے فروغ اور قیام امن کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ہم ایسے میگا ایونٹ کے ذریعے دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ پرامن اور محب وطن شہری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ہرسال مختلف ایونٹس کا اہتمام کرے گی،جس سے خطے میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔

فیسٹیول میں پہلے روز پیرا گلائیڈنگ، رسہ کشی، نیزہ بازی، مقامی تلوار ڈانس، جمناسٹک کے علاوہ گلگت بلتستان سکاوٹس کے بینڈ نے شاندار پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لئے۔

سرفہ رنگا جیپ ریلی میں 125 سے زائد مرد و خواتین ریسرز حصہ لے رہے ہیں۔جیپ ریلی کا ٹریک اس سال 70 کلو میٹر سے بڑھا کر 80 کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!