ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے
Share your love
اسلام آباد: ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔ سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے الوداعی خطاب میں نئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔
پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔
پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) امجد خان نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے نئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں تے کہا کہ پاکستان نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لئے بڑا اعزاز تھا، اللہ کا شکر جس نے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا، پاک بحریہ ملکی دفاع کیلئے مضبوط اور بہترین ادارہ ہے۔
ان کامزید کہناتھا کہ پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔
ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کا انسانی زندگی میں بہت عمل دخل ہوگا، مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بھارت میں انتہا پسندی فروغ پا رہی ہے۔
سابق نیول چیف نے مزید کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال میں بھی پاک بحریہ کا کردار کلیدی رہا، کورونا وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشت کو بحران کا سامنا رہا۔
بعدازاں ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، اہم کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ایڈمن) اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
اس عہدے پر فائز ہونے سے قبل ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف سٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف کو غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔