Enter your email address below and subscribe to our newsletter

افغانستان میں ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2445 ہوگئی

Share your love

ہرات:افغانستان میں ایک روز قبل آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 445 تک جا پہنچی ۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ڈیڑھ ہزار مکانات تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل سے افغان حکام کے مطابق زلزلے سے 9 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ زلزلے سے ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

افغان حکام کے مطابق زلزلے سے ڈیڑھ ہزار مکانات تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ جانی نقصان ضلع زندہ جان کے گاؤں نائب رفیع، سیہ آب، وردگانو، کرنال، سربلند، تشک، چاہک اور سنجاب میں ہوا۔

افغان حکام کے مطابق ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے ، حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی مدد کے لیے ڈاکٹرز اور طبی سہولیات کافی نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں ہفتے کے روز 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا ، زلزلے کا مرکز ہرات سے 40 کلومیٹر (25 میل) شمال مغرب میں تھا اور اس کے بعد چار اعشاریہ چھ اور چھ اعشاریہ تین شدت کے7 آفٹر شاکس آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کا زلزلہ بھی رواں برس فروری میں آنیوالے شام اور ترکیے کی طرح تباہ کن تھا جس میں 50ہزار سے زائد لوگ جان کی بازی ہا رگئے تھے ۔
افغانستان زلزلوں کا اکثر شکار رہا ہے خاص طور پر سلسلہ کوہ ہندوکش میں جو یوریشیا اور انڈین خطے کی تہہ سے جڑا ہوا ہے۔

گزشتہ برس جون میں افغانستان کے صوبے پکتیکا میں 5.9 شدت کا بدترین زلزلہ آیا تھا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے تھے۔

رواں برس مارچ میں جنوب مشرقی افغانستان کے علاقے جورم میں 6.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور اس کے نتیجے میں افغانستان اور پاکستان میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!