اسرائیلی بربریت ،شہید فلسطینیوں کی تعداد 2329 ہوگئی
Share your love
غزہ:غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 329 ہوگئی۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 9 ہزار 714 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیل کے حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
جنگ کے دوران 4 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر جبکہ 20 لاکھ پانی سے محروم ہیں۔
گزشتہ ہفتے سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ کے اسپتالوں، عمارتوں، قافلوں اور مارکیٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب غزہ اور اسرائیل جنگ میں 10 فلسطینی صحافیوں کی موت کی تصدیق بھی اب تک کی جاچکی ہے ۔
ادھر غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف دنیا بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی اور احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ سے لے کر ایشیاء، یورپ، امریکا اور مغربی ممالک میں بھی فلسطینیوں کے حق میں لاکھوں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
مغربی ممالک میں فلسطینیوں کے حق میں سب سے بڑی ریلی وسطی لندن میں بی بی سی کے براڈ کاسٹنگ ہاؤس کے باہر سے نکالی گئی جس میں لاکھوں افراد شریک ہوئے۔
ریلی وائٹ ہال تک نکالی گئی جس میں ہر عمر کے افراد اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ریلی میں یہودیوں کا ایک گروہ بھی شامل تھا۔