جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوگا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے،اُشنا شاہ
Share your love
کراچی: معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں صرف جنگ بندی نہیں بلکہ فلسطین کی مکمل آزادی بھی چاہیے اور جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوگا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
کراچی میں سول سوسائٹی پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں اداکارہ اُشنا شاہ سمیت حنا خواجہ نے بھی شرکت کی۔
اُشنا شاہ نے فلسطین کے حق میں آواز اُٹھاتے ہوئے کہا کہ “فلسطین آزاد نہیں ہے، 1948 سے معصوم فلسطینیوں پر جبر و ستم ہورہا ہے، غزہ میں جنگ نہیں بلکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جوکہ غیرقانونی ہے”۔
اداکارہ نے کہا کہ “ہم صرف فلسطین میں جنگ بندی نہیں بلکہ فلسطین کی آزادی بھی چاہتے ہیں، وہ آزادی جس میں کوئی خوف نہ ہو اور جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملے گی ہم اسی طرح سڑکوں پر نکلیں گے اور چُپ نہیں بیٹھیں گے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “مغربی میڈیا ایک پروپیگنڈہ کے تحت غلط رپورٹنگ کررہا ہے، فلسطینیوں کی آواز دبا رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا کے عہدیدار بھی اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں، فلسطین کی حمایت کرنے والے سوشل میڈیا اکاوْنٹس پر پابندی لگائی جارہی ہے، بلاک کیا جارہا ہے”۔
اُشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ “اسرائیل کی دہشتگردی پر مسلم ممالک خاموش ہیں جبکہ دُنیا کے سُپر پاور ممالک فلسطین کے قتلِ عام میں اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں”.
اداکارہ نے کہا کہ “ہم غزہ نہیں جاسکتے لیکن یہاں پاکستان میں رہ کر اپنی آواز بُلند کرکے اپنی حکومت پردباؤ ڈال سکتے ہیں کہ کُھل کر فلسطین کی حمایت کریں”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “الحمداللہ! ہم حق اور سچ کے راستے پر ہیں، ہر پاکستانی کو فلسطین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی کا حصہ بننا چاہیے کیونکہ اب یہ یہودی یا مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ نسل کشی ہے”۔
خیال رہے کہ اسرائیلی کی جانب سے غزہ پر حملے کا آج 16 واں روز ہے اور اس عرصے میں غزہ کے شہدا کی تعداد 4 ہزار 700 سے تجاوز کرچکی ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے مطابق شہدا میں 40 فیصد معصوم بچے شامل ہیں اور 16 ہزار افراد زخمی ہیں۔
دوسری جانب چین نے اسرائیل اور فلسطین تنازع میں شدت آنے کے بعد مشرق وسطی میں اپنے 6 جنگی بحری جہاز تعینات کردئیے ہیں۔