توہین عدالت کیس، سی سی پی او لاہور کا جواب غیر تسلی بخش قرار
Share your love
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کیس میں سی سی پی او لاہور کا عدالت میں جمع کروایا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں خدیجہ شاہ کی پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ خدیجہ شاہ کو ان کے گرفتار ملازم کے بیان کی روشنی میں نئے مقدمے میں گرفتار کیا، اس پر فاضل جج نے کہا کہ عدالت کو سب نظر آ رہا ہے، کیا کچھ ہو رہا ہے، اگر ایسا چلتا رہا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔
عدالت نے سی سی پی او لاہور کا عدالت میں جمع کروایا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تفصیلی جواب دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔