پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی میں کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام 9 دہشتگردہلاک
Share your love
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردوں نے علی الصبح میانوالی ایئربیس پر حملے کی کوشش کی ، ایئربیس پر متعین دستوں نے فوری اور موثر کارروائی کر کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔بروقت کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ ایئر بیس پر ناکام حملے کے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، صرف 3 غیرآپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کیلئے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہد کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی۔
صدرمملکت نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا رہی ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ سکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں قوم کی نجات ہے۔