بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس کی وصولی پر ایف بی آر سے جواب طلب
Share your love
لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں سیلز ٹیکس کی بجلی بلوں کے ذریعے وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے ایف بی آر سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں مختلف سٹیل ملز نے بجلی بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصولی کے خلاف درخواستیں دائر کی ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت میں دائر درخواستوں میں وفاقی حکومت، ایف بی آر اور ڈسکوز کو فریق بنایا گیا ہے، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف بی آر بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے، قانون کے تحت سیلز ٹیکس بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول نہیں کیا جا سکتا۔
درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصولی کو کالعدم قرار دے۔
ایف بی آر کی جانب سے اپنے موقف میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصولی نہیں کر رہے، سیلز ٹیکس بقایا جات نہ دینے والوں کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کا مراسلہ جاری کیا ہے۔