فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کو قابل احتساب قرار دینا چاہیے،جلیل عباس جیلانی
Share your love
اسلام آباد: نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کاکہناہے کہ اس وقت اسرائیل اور مغربی ممالک کے بیانیے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اسرائیل کو قابل احتساب قرار دینا چاہیے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ غزہ کی صورتحال بہت ہی گھمبیر ہے۔ 15 ہزار سے زیادہ شہادتیں اور صحت کی سہولیات ختم ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم اور نسل کشی کر رہا ہے۔ ہماری فلسطین کے صدر سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے صورتحال بتائی ہے۔ حماس کے پاس اسرائیل کے 200 قیدی ہیں اور اسرائیل کے پاس غزہ کے 7 ہزار 200 قیدی ہیں۔
جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت اسرائیل اور مغربی ممالک کے بیانیے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اسرائیل کو قابل احتساب قرار دینا چاہیے۔ او آئی سی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں پاکستان نے متحرک کردار ادا کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں زخمیوں کے حوالے سے مصر اور یونان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ غزہ کے زخمیوں کو نکالنے کے لیے اسرائیل کی اجازت لینی پڑتی ہے۔
بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس پیر کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔