دولہا نے شادی والے دن اپنی دلہن سمیت 4 افراد کو قتل کر کے خودکشی کر لی
Share your love
بنکاک: تھائی لینڈ میں دولہا نے شادی والے دن اپنی دلہن سمیت 4 افراد کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 29 سالہ دولہا چترونگ سکسوک اور 44 سالہ دلہن کنچنا پچونتھوک کی شادی شمال مشرقی تھائی لینڈ میں انجام پائی، دولہا شادی کی تقریب سے اچانک نکلا اور بندوق لے کر واپس آیا اور اپنی بیوی، اس کی 62 سالہ ماں اور 38 سالہ بہن کو گولیاں مار کے موت کے گھاٹ اتار دیا، گولیاں شادی میں شریک دو مہمانوں کو بھی لگیں جن میں سے ایک کی موت ہو گئی۔
تھائی میڈیا کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق شادی کی پارٹی کے دوران مرنے والے جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، چترونگ اپنے اور کنچنا کے درمیان عمر کے فرق کے بارے میں غیر محفوظ محسوس کر رہا تھا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ چترونگ واقعے کے وقت کافی نشے میں تھا لیکن اس کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہے اُس نے پچھلے سال بندوق اور گولیاں قانونی طور پر خریدی تھیں، شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور توقع ہے کہ یہ کیس جلد بند ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں بندوق کی ملکیت عام ہونے کے باوجود فائرنگ کے واقعات بہت ہی کم ہوتے ہیں، گزشتہ ماہ بنکاک کے ایک لگژری مال میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اکتوبر 2022 میں ایک سابق اہلکار نے شمال مشرقی تھائی لینڈ میں ایک نرسری میں بندوق اور چاقو سے حملے کر کے 37 بچوں کو ہلاک کر دیا تھا۔