عام انتخابات تیاریاں،سیکرٹری خزانہ کی جلدفنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی
Share your love
اسلام آباد:آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں تیزی سے جاری۔ فنڈز کی عدم فراہمی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے طلبی پر سیکرٹری خزانہ الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔ الیکشن کمیشن حکام کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے دو دن کے اندر فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروی کو ہونے والے انتخابات کی تیاری تیزی سے جاری ہے۔ شیڈول کے تحت مختلف مراحل مکمل بھی ہو چکے ہیں۔ مختص فنڈز جاری نہ ہونے پر کمیشن نے سیکرٹری خزانہ کو بھی طلب کیا۔
ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کیلئے مالی سال کے بجٹ میں 42 ارب روپے مختص کیے گئے تاہم وزارت خزانہ نے ابتک 10ارب روپے فراہم کیے ہیں اور بقیہ رقم تاحال فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی فنڈز کے تعطل کا معقول جواز دیا گیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے طلبی پر سیکرٹری خزانہ امداد اللہ پیش ہوئے۔ حکام سے ملاقات میں صورتحال سے آگاہ بھی کیا۔
صحافیوں سے گفتگو میں سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ کمیشن کو جتنے فنڈز درکار ہونگے، دو دن میں جاری کر دیں گے۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے 17 ارب روپے فراہم کرنے کا کہا اس سلسلہ میں وزارت خزانہ سے بارہا رجوع بھی کیا تھا۔ تحریری یاد دہانی بھی کرائی گئی تاہم کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا تھا۔