اگر کوئی جاگیردار یا کسی اور کو ووٹ ڈالنے کا کہے تو انکار کردیں، سراج الحق
Share your love
بہاولپور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسرائیل بمباری کرکے موت بانٹ رہا ہے، غزہ کے لوگ ہمارے انتظار میں ہیں۔اگر کوئی جاگیردار یا کسی اور کو ووٹ ڈالنے کا کہے تو انکار کردیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بہاولپور میں خواتین کنونشن میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہی کہیں اتنی تعداد میں خواتین کا ہجوم دیکھا ہو، سب کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے جمع ہوئے ہیں، غزہ میں 25 لاکھ افراد بم و بارود کی زد میں ہیں، فلسطینی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں قرآن کا نظام چاہتی ہے، قرآن اٹھا کر وعدہ کرتا ہوں، حکومت ملی تو ملک کو قرآن کے نور سے روشن کریں گے، آپ سب نے جماعت اسلامی پر ٹھپہ لگانا ہے، اگر کوئی جاگیردار یا کسی اور کو ووٹ ڈالنے کا کہے تو انکار کردیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ان کو کہیں کہ آپ نے صرف ترازو کو ووٹ دینا ہے، 76 سال ان جماعتوں نے ملک پر حکومت کی، انہوں نے ایک دن کیلئے بھی ملک میں اللہ کا دین نافذ نہیں کیا، 5 کروڑ کشمیری قید میں ہیں، ہزاروں کشمیری بھارتی جیل میں قید ہیں، ان کی آزادی کیلئے حکومت کیا کررہی ہے؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مشرف نے عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کیا، ڈاکٹر عافیہ کی والدہ نے مجھے اس کی آواز میں نعت اور پیغام سنایا، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے زرداری، نوازشریف، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ اگر ہماری حکومت آئی تو ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لائیں گے۔