Enter your email address below and subscribe to our newsletter

سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

Share your love

راولپنڈی: اڈیالہ جیلراولپنڈی میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر چھ متفرق درخواستیں نمٹا دیں، سماعت کل تک ملتوی کردی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ سمیت میڈیا کے مخصوص نمائندگان کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی گئی، ملزمان کے وکلاء کی جانب سے عدالت میں چالان کی نامکمل نقول، نوٹیفکیشن اور میڈیا رسائی سے متعلق چھ متفرق درخواستیں دائر کی گئیں اور موقف اپنایا کہ محدود میڈیا کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے، اکثریت باہر کھڑی ہے۔

، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ انتظامی مسئلہ ہے، اس معاملہ کو دیکھ لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کمرہ عدالت کے باہر تالا لگانے کا اعتراض کیا اور کہا کہ ہمارے اہل خانہ میں کوئی دہشتگرد نہیں ہیں،جو دروازے پرتالا لگا دیا گیا ہے جس پر عدالت نے کمرہ عدالت کے اندر فیملیز کے بیٹھنے کی جگہ پر لگا تالا کھلوا دیا۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے ایڈمنسٹریٹیو ایشوز ہیں، آپ کو اندازہ نہیں کیسے مینیج کیا ہے۔ آؤٹ آف وے جاکر ریلیف دیا، میرٹ پر جس کا جوحق بنتا ہے دیاجائے گا۔ وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ جلدبازی اور عجلت میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایسا نہ کیاجائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کوئی پوائنٹ بتادیں، کہاں جلدی ہوئی ہے یا عجلت دکھائی دی؟ سلمان صفدر نے موقف اپنایا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے دو فیصلوں کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالت کو سماعت سے نہیں روکا، عدالت فردجرم عائد کرنے کی کارروائی مکمل کرے۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے جو بھی فیصلہ کریں گے میرٹ پر کریں گے، جو لوگ جیل میں ہیں اگر ان کا جرم نہیں بنتا تو رہا ہونا چاہیے، متوازن اور نیوٹرل ہوکر کیس کوچلا رہا ہوں، اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کی عدالت نے اوپن کورٹ کا فیصلہ دیا جس کو سراہتے ہیں۔ انتظامیہ اگر عدالت کے اوپر اور عدالت بن جائے گی تو ٹرائل کیسے چلے گا؟ عدالت نے استفسار کیا آپ بتائیں کیس طرح ٹرائل کو چلائیں۔

دوران سماعت وکیل عثمان گل کی جانب سے چالان کی مکمل نقول فراہم نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے نقول کی فراہمی کے بعد سات دن تھے، اس دوران اعتراض کیوں نہیں اٹھایا؟ آپ کو دو دو مرتبہ کاپیاں فراہم کی ہیں۔

عدالت نے چالان کی نقول، نوٹیفکیشن اور میڈیا رسائی سے متعلق چھ متفرق درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردجرم عائد کرنے کیلئے کل تیرہ دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!