نیتھن لائن ٹیسٹ میں 500 وکٹیں لینے والے دنیا کے آٹھویں بولر بن گئے
Share your love
پرتھ: آسٹریلیا کے آف اسپن بولر نیتھن لائن ٹیسٹ کیریئر میں 500 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں جبکہ تیسرے آسٹریلوی بولر بن گئے۔
نیتھن لائن نے پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم کے بولنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو آؤٹ کرکے 500 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
رواں سال، ایشز سیریز کے اختتام پر نیتھن لائن نے 496 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔
پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور دوسری اننگز میں دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹیسٹ میں سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر بولر شین وارن نے 708 اور سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا نے 563 حاصل کر رکھی ہیں۔
نیتھن لائن نے 2011 میں سری لنکا کے خلاف گال میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ میں اپنے اوور کی پہلی گیند پر کمار سنگاکارا کو آؤٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کو 360 رنز سے بڑی شکست دے کر سیریز کا پہلا میچ جیت لیا ہے۔