برطانیہ میں جان لیوا بیماری نے ایک مرتبہ پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی
Share your love
لندن: برطانیہ میں جان لیوا بیماری ٹیوبرکلوسس (ٹی بی) ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگی۔
اس خطرناک مرض کے باعث 1851ء سے 1910ء کے درمیان تقریباً 40 لاکھ لوگوں کی موت ہوئی تھی۔
یو کے ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کی طرف سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ کرونا وائرس کی وباء کے دوران ٹی بی کے مریضوں کی تعداد میں بھی بہت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور کرونا کی وباء ختم ہو جانے کے بعد بھی ان میں کمی نہیں آ رہی۔
یو کے ایچ ایس اے کی وارننگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اب تک برطانیہ میں ٹی بی کے 4 ہزار 813 کیس سامنے آ چکے ہیں جو 2022ء کی نسبت 7 فیصد زیادہ ہیں، 2022ء میں 4 ہزار 480 کیس سامنے آئے تھے جو 2021ء کی نسبت 9 فیصد زیادہ تھے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اپنی صحت پر نظر رکھنی چاہئے اور ٹی بی کی علامات نظر آنے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے، ٹی بی کی علامات میں دائمی کھانسی، بخار، سردی لگنا، بھوک کا ختم ہو جانا شامل ہیں۔
وزن میں غیرمعمولی کمی ہونا، جسم درد، شدید تھکاوٹ اور کھانسی میں خون آنا وغیرہ بھی ٹی بی کی علامات ہیں، جن افراد میں یہ علامات ہوں انہیں فوری طور پر ٹی بی کا ٹیسٹ کرانا چاہئے۔